نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے عالمی اپیل

07:39 PM, 25 Aug, 2025

اسلام آباد: پاکستان نے غزہ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی برادری سے فوری، مستقل اور غیر مشروط جنگ بندی کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان فلسطین کی خودمختار ریاست کا مضبوط حامی ہے اور غزہ میں قحط کی موجودہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، جس کے فوری سدباب کے لیے موثر اقدامات ناگزیر ہیں۔

وزیر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ انسانی امداد کی مکمل اور محفوظ رسائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ متاثرین تک فوری ریلیف پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان غزہ میں انسانی بحران کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے۔

دوسری جانب سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا اور مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کے قیام کی شدید مخالفت کی۔

ترکی کے وزیر خارجہ نے بھی غزہ پر اسرائیلی قبضے کے منصوبے کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ جبری قحط انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔

مزیدخبریں