سلمان اکرم راجہ نے پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کر دیا

06:08 PM, 25 Aug, 2025

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے پارٹی عہدے سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد اپنا عہدہ واپس کر دیں گے۔

سلمان اکرم راجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ پارٹی عہدہ چھوڑ رہے ہیں لیکن بطور وکیل اپنی خدمات بلا معاوضہ فراہم کرتے رہیں گے۔ انہوں نے جمہوریت، قانون کی بالادستی، اور اقلیتوں و مزدوروں کے حقوق کی حفاظت کے لیے اپنی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ حق کے لیے کھڑے رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں بیس جھوٹے دہشت گردی کے مقدمات میں ملوث کیا گیا، لیکن وہ ڈرنے والے نہیں اور اپنی قانونی لڑائی جاری رکھیں گے۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ وہ نہ تو جاگیردار ہیں اور نہ ہی روایتی سیاستدان اور ان کے قریبی لوگ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئندہ بھی وہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور اپنی وکالتی خدمات مفت جاری رکھیں گے۔

مزیدخبریں