اسلام آباد: نوجوانوں کے عالمی کردار پر سیمینار، تعلیم و یکجہتی کو قرار دیا گیا ترقی کی کلید

03:28 PM, 25 Aug, 2025

اسلام آباد :اسلامک ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں "ابھرتے ہوئے پاکستان میں نوجوانوں کا کردار بطور عالمی رہنما"  پر سیمینار  ہوا، جس کا آغاز پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی اور کیک کاٹنے کی تقریب سے ہوا۔ یہ پروگرام انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی اور وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے اشتراک سے منعقد کیا گیا۔

وزیرِ مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے بطور گیسٹ آف آنر اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے بطور چیف گیسٹ شرکت کی۔ اس موقع پر ایک کتب نمائش بھی منعقد کی گئی، جس کا مقصد علمی شعور کو فروغ دینا تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ "معرکۂ حق کے بعد ترقی کا معرکہ سر کرنا ہے"، اور آنے والے بائیس سال پاکستان کی تاریخ میں اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ محنت اور اتحاد کے ذریعے ملک کو مضبوط، مستحکم اور ترقی یافتہ بنانے میں کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں اور فرقہ واریت اور پولرائزیشن کے خاتمے کے لیے نوجوانوں کی ذمہ داری کلیدی ہے۔

وزیرِ مملکت وجیہہ قمر نے کہا کہ نوجوان ملک کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں اور ان کی تعلیم اور فلاح و بہبود ہی قومی ترقی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر نوجوانوں کی افواجِ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کی مثال کو سراہا اور کہا کہ نوجوانوں کی مثبت کردار ادائیگی سے پاکستان ایک پرامن اور عالمی سطح پر ابھرتا ہوا ملک بن سکتا ہے۔

تقریب میں طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی، اور کتب نمائش کا باقاعدہ افتتاح بھی وزیرِ مملکت نے کیا۔

مزیدخبریں