محسن نقوی کا ریلوے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، سیکیورٹی بہتر بنانے اور تجاوزات کے خاتمے کا فیصلہ

02:30 PM, 25 Aug, 2025

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان ریلوے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیر صدارت اہم اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں ملک بھر، خاص طور پر بلوچستان میں ریلوے لائنوں اور ٹرینوں کی سیکیورٹی کے معاملات پر تفصیل سے غور کیا گیا۔

اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ ریلوے کی زمین پر ہونے والی تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ اس مہم میں ریلوے پولیس کے ساتھ نیشنل کونسٹیبلری اور ایف سی بھی شریک ہوں گی تاکہ کارروائی مؤثر بنائی جا سکے۔

محسن نقوی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان ٹرین سروس شروع کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسافروں کی جان و مال کی حفاظت سب سے اہم ہے، اور اس کے لیے ریلوے ٹریکس اور ٹرینوں کی مکمل سیکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔

وزیر داخلہ نے وزیر ریلوے حنیف عباسی کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ ان کی قیادت میں ریلوے کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ حنیف عباسی نے بھی محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے تجاوزات کے خاتمے میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

اجلاس میں پاکستان ریلوے کے سی ای او عامر علی بلوچ، آئی جی ریلوے پولیس رائے طاہر اور دیگر افسران بھی شریک تھے۔

مزیدخبریں