سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ: بہن کو جائیداد سے محروم کرنے کی بھائی کی کوشش ناکام

01:58 PM, 25 Aug, 2025

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے وراثت میں بہن کا حق نہ دینے کی کوشش پر بھائی کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے واضح کیا کہ قرآن میں بہن کا حصہ مقرر ہے، اسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

جسٹس حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ بعض بھائی بہنوں سے خدمت لیتے ہیں، لیکن جب جائیداد کا معاملہ آتا ہے تو ان کا حق دینے سے انکار کر دیتے ہیں۔ بہنیں گھر کا کام کرتی ہیں، کھانا پکاتی ہیں، لیکن حصہ دینے کی باری آئے تو محروم کر دی جاتی ہیں۔

جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ بہن کا حصہ قرآن میں طے ہے، اس سے انکار ممکن نہیں۔ عدالت نے یہ بھی نشاندہی کی کہ جس تقسیم نامے کی بات کی جا رہی ہے، اس پر بہن کے دستخط تک موجود نہیں۔

بھائی کے وکیل نے کہا کہ بہن کو حصہ دیا گیا، لیکن وہ کہتی ہیں کہ اسے کم ملا ہے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد بھائی کی اپیل خارج کر دی اور بہن کے حق کو برقرار رکھا۔

مزیدخبریں