لاہور: محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب نے سکول میل پروگرام کو مزید 8 اضلاع تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت سکول کے بچوں کو روزانہ دودھ اور بسکٹ دیے جائیں گے تاکہ ان کی بہتر غذائیت کے ساتھ ساتھ سکول میں حاضری اور دلچسپی بھی بڑھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس منصوبے کے لیے اسٹیرنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس آج طلب کر لیا ہے، جس میں پروگرام کے پیکٹ، ڈیزائن، بسکٹ ریپرز اور برینڈنگ پر مشاورت ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ پروگرام کی نگرانی کے لیے کسی تھرڈ پارٹی کی خدمات لینے پر بھی غور کیا جائے گا تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ پروگرام اب جن اضلاع میں شروع کیا جا رہا ہے، ان میں ڈیرہ غازی خان، لیہ، راجن پور، میانوالی، مظفرگڑھ، بھکر، بہاولنگر اور رحیم یار خان شامل ہیں۔
محکمہ سکولز کے مطابق اس سال اس منصوبے کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، اور اس کی بدولت اب تک 55 ہزار سے زائد نئے بچے اسکولوں میں داخل ہو چکے ہیں۔