غزہ پر اسرائیلی حملے جاری، مزید 50 سے زائد فلسطینی شہید اور ہزاروں عمارتیں تباہ

03:46 PM, 25 Aug, 2025

غزہ: اسرائیلی فوج کے تازہ حملوں میں مزید 50 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے ہیں جبکہ ایک ہزار سے زائد عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔ شمالی غزہ میں اسرائیلی ٹینکوں نے گولہ باری کی ہے جب کہ جنوبی اور وسطی علاقوں میں ہوائی حملے بھی کیے جا رہے ہیں، جنہیں غزہ پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش سمجھا جا رہا ہے۔

حملوں میں جاں بحق ہونے والوں میں 24 امدادی کارکن بھی شامل ہیں، جبکہ بھوک اور غذائی قلت کے باعث مزید 8 فلسطینی زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔ غذائی قلت سے ہونے والی اموات کی تعداد اب 115 بچوں سمیت 289 تک پہنچ گئی ہے۔

اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 62 ہزار 600 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 57 ہزار سے زائد ہے۔

دوسری جانب، اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے رام اللہ میں 14 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

فلسطینی حمایت پر اسرائیل نے فرانس اور یورپی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ اسرائیل اور حماس میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں گے، اسرائیلی وزیر خارجہ نے سخت وارننگ جاری کی ہے۔

اسی دوران یمن کے دارالحکومت صنعا پر بھی اسرائیلی فضائی حملے ہوئے ہیں جن میں 6 افراد ہلاک اور 67 زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی طیاروں نے صدارتی کمپلیکس کے قریب میزائل اور ایندھن کے گودام کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ یہ حملے حوثی باغیوں کی جانب سے کیے گئے حملوں کے جواب میں کیے گئے ہیں۔یاد رہے کہ چند روز قبل یمن سے اسرائیل پر میزائل حملہ کیا گیا تھا جسے اسرائیل نے ناکام بنا دیا تھا۔

مزیدخبریں