لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اعزاز میں تھائی لینڈ کے سابق وزیراعظم تھکسان شینا وترا نے ایک پرتپاک عشائیہ رکھا۔ اس تقریب میں تھائی لینڈ کی کم عمر ترین خاتون سابق وزیر اعظم پائیتونگترن شینا وترا بھی شریک ہوئیں۔
تھکسان شینا وترا اور ان کی صاحبزادی نے وزیراعلیٰ کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں سابق وزرائے اعظم نے مریم نواز شریف کی پنجاب کی ترقی کے لیے کوششوں کو سراہا۔
تقریب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے تعلقات مضبوط ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ٹیکسٹائل، زراعت، سیاحت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری اور تجارت کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ثقافتی تبادلے، تعلیم اور سیاحت کے ذریعے دونوں قوموں کو قریب لایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے تھائی لینڈ کی اصلاحات کو بھی سراہا اور کہا کہ نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتیں سکھانا ترقی کی کلید ہے۔
آخر میں وزیر اعلیٰ نے تھکسان شینا وترا اور ان کی صاحبزادی کا شکریہ ادا کیا اور پنجاب کے دورے کی دعوت دی۔