اسلام آباد:سیاسی و عسکری قیادت کی مشترکہ بصیرت اور مؤثر خارجہ پالیسی کے باعث پاکستان کے عالمی وقار میں تاریخی اضافہ ہوا ہے۔ 'معرکہ حق' میں حاصل ہونے والی عظیم فتح کے بعد پاکستان ایک اہم عالمی کھلاڑی کے طور پر ابھرا ہے، جس کا اعتراف اب دنیا کے طاقتور ترین ممالک بھی کر رہے ہیں۔
پاکستانی قیادت نے عالمی سطح پر پاکستان کا مقدمہ لڑتے ہوئے امریکا، چین، روس، سعودی عرب، ترکیہ اور ایران کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں۔ ان رابطوں کے نتیجے میں نہ صرف پاکستان کی سفارتی تنہائی کا مکمل خاتمہ ہوا بلکہ دوطرفہ تعاون کے نئے باب بھی کھلے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستانی قیادت کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ قیادت انتہائی مضبوط، غیر معمولی اور شاندار ہے۔صدر ٹرمپ کا یہ بیان پاکستان کے بڑھتے ہوئے جیو پولیٹیکل وزن اور قیادت پر عالمی برادری کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
خبر کے مطابق، عالمی طاقتوں نے خاص طور پر انسدادِ دہشت گردی کے لیے پاکستان کی بے مثال قربانیوں اور طویل جدوجہد کو سراہا ہے۔ عالمی برادری کا ماننا ہے کہ پاکستان کی انتھک کوششوں کے بغیر خطے اور دنیا میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا تھا۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ عسکری اور سیاسی قیادت کی ایک پیج پر موجودگی نے پاکستان کو وہ عالمی وقار دلایا ہے جس کا خواب طویل عرصے سے دیکھا جا رہا تھا۔ اس کامیاب سفارتکاری نے پاکستان کے لیے عالمی سطح پر ترقی اور خوشحالی کے نئے راستے کھول دیے ہیں۔
عالمی سفارتکاری میں پاکستان کی بڑی کامیابی: صدر ٹرمپ کی پاکستانی قیادت کو ’غیر معمولی‘ قرار دے کر عالمی سطح پر پذیرائی
01:59 PM, 25 Apr, 2026