اسلام آباد :وزیراعظم شہباز شریف نے کرکٹ شائقین کے لیے بڑا فیصلہ سناتے ہوئے پی ایس ایل (PSL) کے فائنل میں تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دے دی ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وزیراعظم کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم خود بھی شائقین کی اسٹیڈیم آمد کے حق میں تھے تاکہ فائنل کا جوش و خروش بھرپور طریقے سے نظر آئے۔ انہوں نے بتایا کہ فرنچائز مالکان نے وزیراعظم سے ملاقات کر کے شائقین کو میچ دیکھنے کی اجازت دینے کی درخواست کی تھی، جسے وزیراعظم نے عوامی دلچسپی کے پیشِ نظر قبول کر لیا۔
میچ کی اجازت دینے کے ساتھ ساتھ وزیراعظم شہباز شریف نے انتظامیہ کو کفایت شعاری مہم پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شائقین کے لیے سہولیات کو یقینی بنایا جائے لیکن تمام انتظامات میں سادگی اور کفایت شعاری کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے۔
اس فیصلے کے بعد پی ایس ایل فائنل کی گہما گہمی میں اضافہ ہو گیا ہے اور شائقینِ کرکٹ اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔ کرکٹ فرنچائزز نے بھی وزیراعظم کے اس اقدام کو سراہا ہے، جس سے لیگ کی رونقیں دوبارہ بحال ہو گئی ہیں۔
پی ایس ایل فائنل: وزیراعظم شہباز شریف نے شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دے دی، کرکٹ فینز میں خوشی کی لہر
09:56 AM, 25 Apr, 2026