پاکستانی ثالثی میں بڑی پیش رفت: ایرانی وزیر خارجہ کی اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں، امریکی وفد بھی آج پہنچے گا

09:15 AM, 25 Apr, 2026

اسلام آباد :پاکستان کے دارالحکومت میں عالمی سیاست کی بڑی ہلچل جاری ہے۔ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی ثالثی کوششیں فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔
عسکری و سیاسی قیادت سے مشاورت ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے اہم ملاقات کی، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خصوصی شرکت نے ملاقات کو انتہائی اہمیت کا حامل بنا دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، اس ملاقات میں ایران نے امریکی جارحیت کے خلاف اپنا سخت موقف پیش کیا ہے اور خطے میں امن کی بحالی کے لیے پاکستان کے کردار پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
واشنگٹن سے اعلیٰ سطح کے وفد کی روانگی اسی دوران، امریکی صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر واشنگٹن سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔ اگرچہ تہران نے فی الحال براہ راست ملاقات کے امکان کو مسترد کیا ہے، تاہم امریکی وفد کی آمد کا مقصد پاکستانی حکام کے ذریعے ایران تک "ٹھوس تجاویز" پہنچانا اور جنگ بندی کے عمل کو آگے بڑھانا ہے۔
ایرانی موقف: براہ راست ملاقات نہیں، صرف پیغام رسانی ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے واضح کیا کہ وزیر خارجہ عراقچی کا دورہ پاکستان صرف ایرانی موقف کی وضاحت اور پاکستان کی "نیک خدمات" کے اعتراف کے لیے ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ  ملاقاتیں امریکی مسلط کردہ جنگ کے خاتمے اور امن کی بحالی کے تناظر میں ہو رہی ہیں، تاہم امریکہ کے ساتھ براہ راست ملاقات کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ایک بار پھر تہران اور واشنگٹن کے درمیان "بیک چینل ڈپلومیسی" کا سب سے بڑا مرکز بن گیا ہے جہاں سے عالمی امن کے لیے بڑی خبر متوقع ہے۔

مزیدخبریں