کیلیفورنیا : واٹس ایپ نے صارفین کی پرائیویسی کو مزید محفوظ بنانے کے لیے ایک نیا زبردست فیچر متعارف کروایا ہے جس کا نام ’ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی‘ رکھا گیا ہے۔ اس فیچر کی مدد سے اب آپ اپنی چیٹس کو زیادہ کنٹرول میں رکھ سکیں گے۔
اب کوئی بھی شخص آپ کی چیٹ کو واٹس ایپ سے باہر ایکسپورٹ (برآمد) نہیں کر سکے گا۔ جو تصویریں اور ویڈیوز آپ بھیجیں گے، وہ دوسرے افراد کے موبائل کی گیلری میں خودکار طور پر محفوظ نہیں ہوں گی۔ آپ دوسروں کو چیٹ میں میٹا اے آئی کو شامل کرنے یا اس سے سوالات کرنے سے بھی روک سکیں گے۔
یہ فیچر نہ صرف انفرادی چیٹس بلکہ گروپ چیٹس میں بھی کام کرے گا، اور جب کوئی گروپ چیٹ میں یہ سیٹنگ آن کرے گا تو تمام گروپ ممبرز کو ایک نوٹیفکیشن ملے گا۔ یہ فیچر ان گروپس میں خاص طور پر مفید ہے جہاں لوگ ایک دوسرے کو ذاتی طور پر نہیں جانتے لیکن نجی یا حساس باتیں شیئر کر رہے ہوتے ہیں۔
یہ فیچر استعمال کرنا نہایت آسان ہے ، سب سے پہلے جس چیٹ پر یہ فیچر لگانا ہے، اسے کھولیں پھر اوپر چیٹ کے نام پر ٹیپ کریں۔ ’ایڈوانسڈ چیٹ پرائیویسی‘ کے آپشن پر جائیں اور اسے آن کر دیں۔واٹس ایپ نے یہ بھی بتایا ہے کہ فی الحال اسکرین شاٹ لینے پر کوئی پابندی نہیں، لیکن مستقبل میں اس پر بھی کنٹرول لانے کا ارادہ ہے۔
یہ نیا فیچر آنے والے ہفتوں میں سب صارفین کو مرحلہ وار ملنا شروع ہو جائے گا۔