بھارت کیخلاف قرارداد سینیٹ سے متفقہ طور پر منظور

01:10 PM, 25 Apr, 2025

اسلام آباد: سینیٹ نے بھارت کے حالیہ جارحانہ اقدامات کے خلاف ایک متفقہ قرارداد منظور کر لی ہے۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کی، جبکہ قرارداد وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پیش کی۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور بھارت کی جانب سے اگر کوئی مہم جوئی کی گئی تو پاکستان مؤثر جواب دے گا۔ بھارت کے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ کو یکطرفہ طور پر ختم نہیں کر سکتا، کیونکہ یہ بین الاقوامی معاہدہ ہے اور اس میں دوطرفہ رضامندی ضروری ہے۔ پانی پاکستان کے لیے زندگی کی حیثیت رکھتا ہے اور اگر اسے روکا گیا تو پاکستان اسے جنگی اقدام سمجھے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سارک ویزا کے تحت پاکستان میں موجود بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کی ہدایت دے دی گئی ہے، اور بھارتی پروازوں کے لیے فضائی حدود بند کر دی گئی ہے۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ دنیا کے 26 ممالک کو اس معاملے پر بریفنگ دی جا چکی ہے، اور سعودی وزیر خارجہ سے بھی رابطہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج مکمل طور پر تیار ہیں اور ملک کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

مزیدخبریں