بھارت نے پانی روکا تو سخت ردعمل دیں گے، ترجمان دفتر خارجہ

12:47 PM, 25 Apr, 2025

اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کا پانی روکا تو اسے جنگی اقدام تصور کیا جائے گا اور پاکستان اس پر مناسب اور بھرپور جواب دے گا۔

ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ دنوں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جہاں بھارت کے حالیہ اقدامات پر غور کیا گیا اور پاکستان کی جانب سے مؤثر حکمت عملی مرتب کی گئی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کا یکطرفہ رویہ خطے کے امن اور استحکام کے لیے خطرہ بن سکتا ہے، اور سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنا ایک غیر ذمہ دارانہ فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدامات سے دو قومی نظریہ مزید واضح ہو گیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے واہگہ بارڈر پر آمدورفت مکمل بند کر دی ہے، بھارتی پروازوں کے لیے فضائی حدود بھی بند کی جا چکی ہے، اور سارک ویزہ اسکیم کے تحت بھارتیوں کے تمام ویزے معطل کر دیے گئے ہیں۔ تاہم سکھ یاتری ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔

علاقائی روابط کے حوالے سے ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا ترکی کا دورہ کامیاب رہا، جبکہ یو اے ای، روانڈا، افغانستان، ازبکستان اور ایران کے ساتھ بھی اعلیٰ سطحی ملاقاتیں اور رابطے ہوئے ہیں جن میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر بات ہوئی۔

مزیدخبریں