اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے تمام فیصلے پاکستانی عوام کی خواہشات کی عکاسی کرتے ہیں، اور پوری قوم ان فیصلوں کے ساتھ مکمل طور پر یکجہتی میں ہے۔
صدر زرداری سے محسن نقوی کی ملاقات میں پہلگام واقعے کے بعد بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر داخلہ نے صدر کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کے بارے میں آگاہ کیا، جس پر صدر زرداری نے کمیٹی کی بروقت اور دور اندیش حکمت عملی کو سراہا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بھارت کے بے بنیاد الزامات اور غیر منطقی اقدامات کا کوئی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے پاکستانی قوم کی امنگوں کی نمائندگی کی ہے اور پوری قوم ان فیصلوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ دشمن کو کسی بھی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے کیونکہ پاکستان کا دفاع اللہ کی مدد سے ناقابل تسخیر ہے۔