بھارت نے ایک بار پھر کھیل کو سیاست کی نذر کر دیا، پی ایس ایل کی لائیو اسٹریمنگ روک دی

10:24 AM, 25 Apr, 2025

نئی دہلی : بھارتی کرکٹ بورڈ نے مودی حکومت کے دباؤ پر ایک بار پھر کھیل میں سیاست گھسیٹ لی ہے۔ بھارت نے پہلگام واقعے کو بہانہ بنا کر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی لائیو اسٹریمنگ بند کروا دی ہے۔

بھارت میں پی ایس ایل کو دکھانے والا اسپورٹس اسٹریمنگ چینل فینکوڈ، جو پی ایس ایل کا ڈیجیٹل پارٹنر تھا، نے اچانک نشریات روک دی ہیں۔ صرف یہی نہیں، چینل نے پی ایس ایل سے متعلق تمام ویڈیوز اور میچز کی جھلکیاں بھی اپنے پلیٹ فارمز سے ہٹا دی ہیں۔

پی ایس ایل کا دسویں سیزن 11 اپریل سے جاری ہے اور 18 مئی تک چلے گا، لیکن بھارت میں کرکٹ شائقین اب اسے براہِ راست نہیں دیکھ سکیں گے۔ اس فیصلے پر وہاں کے شائقین بھی مایوس ہیں۔ اطلاعات کے مطابق بھارت کا ایک اور بڑا اسپورٹس براڈکاسٹر سونی نیٹ ورک بھی نشریات بند کرنے کا سوچ رہا ہے۔

پاکستانی کرکٹ فینز اور ماہرین نے اس قدم کو کھیل سے زیادہ سیاسی چال قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کرکٹ لوگوں کو جوڑتی ہے، لیکن بھارت اسے بار بار سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہا ہے۔

مزیدخبریں