مالدیپ کے ساتھ دوطرفہ تعاون بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر

07:41 PM, 24 Sep, 2026

راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو نئی سطح پر لے جانے اور باہمی تعاون کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مالدیپ کی پارلیمنٹ کے اسپیکر عبدالرحیم عبداللہ نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات، علاقائی سلامتی اور مشترکہ تعاون سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ اپنے برادرانہ روابط کو مزید مستحکم کرنے کو اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک مشترکہ مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے باہمی تعلقات اور تعاون کو مزید آگے بڑھا سکتے ہیں۔

پاک فوج کے ترجمان کے مطابق مالدیپ کے اسپیکر نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں اور تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان موجود روابط کو مزید وسعت دینے اور باہمی تعاون میں اضافے کی خواہش بھی ظاہر کی۔

اس سے قبل عبدالرحیم عبداللہ نے پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا، جہاں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے مالدیپ کے پارلیمانی وفد کا خیرمقدم کیا۔

اس موقع پر قومی اسمبلی کے پارلیمانی کاکس برائے حقوق اطفال اور مالدیپ کے وفد کے درمیان بھی ایک اجلاس ہوا۔ اجلاس کی سربراہی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔

مزیدخبریں