لوڈشیڈنگ کے دوران موبائل سروسز برقرار رکھنے کیلئے پی ٹی اے کی ٹاورز چیکنگ شروع

06:58 PM, 24 Sep, 2026

اسلام آباد: ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش کے دوران موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کو فعال رکھنے کیلئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ٹیلی کام ٹاورز پر بجلی کے متبادل ذرائع کی جانچ کا عمل شروع کردیا۔

پی ٹی اے کے مطابق معائنے کیلئے خصوصی ٹیمیں کراچی، لاہور، راولپنڈی، کوئٹہ، ایبٹ آباد، پشاور، ملتان، فیصل آباد اور مظفرآباد پہنچ گئی ہیں، جہاں شہری مراکز کے علاوہ دیہی علاقوں میں بھی ٹیلی کام ٹاورز کی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

اس دوران ٹاورز کو بجلی کی فراہمی برقرار رکھنے والے مختلف بیک اَپ نظاموں کی جانچ کی جا رہی ہے۔ ان میں بیٹریاں، جنریٹرز اور سولر پاور سسٹمز شامل ہیں، جبکہ زیادہ دیر تک بجلی سے محروم رہنے والے علاقوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اس نگرانی کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ بجلی کی فراہمی معطل ہونے کی صورت میں ٹیلی کام ٹاورز کام کرتے رہیں اور صارفین کو موبائل فون اور انٹرنیٹ کی سہولت میں کم سے کم رکاوٹ کا سامنا ہو۔ ٹاورز کے معائنے کے عمل میں مقامی منتخب نمائندوں اور ان کے نامزد افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ملک میں بار بار اور طویل بجلی کی بندش ٹیلی کام کمپنیوں کیلئے بھی مشکلات پیدا کر رہی ہے۔ ڈان کے مطابق جون 2026 میں سینیٹ کی ایک کمیٹی کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا تھا کہ مسلسل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ٹاورز کی بیک اَپ بیٹریاں جلد ڈاؤن ہوجاتی ہیں، جبکہ جنریٹرز کیلئے ایندھن کی کھپت بھی بڑھ جاتی ہے، جس سے نیٹ ورک سروسز متاثر ہونے کا امکان رہتا ہے۔

پی ٹی اے کے نیشنل ٹیلی کام سکیورٹی فریم ورک میں اہم موبائل بیس اسٹیشنز کیلئے بجلی کی متبادل فراہمی کا انتظام رکھنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ اس مقصد کیلئے بیٹری بیک اَپ کے علاوہ ضرورت کے وقت نجی جنریٹرز سے بھی مدد لینے کی ہدایت شامل ہے۔

حکومت نے رواں برس ٹیلی کام ٹاورز کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ رکھنے اور اہم ٹیلی کام تنصیبات کیلئے ترجیحی بنیادوں پر بجلی کی فراہمی کے معاملے پر بھی غور کیا۔ اس حوالے سے وزارتِ آئی ٹی، پی ٹی اے، نیپرا، پاور ڈویژن اور ٹیلی کام شعبے کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔

بزنس ریکارڈر کے مطابق موبائل آپریٹرز بھی بجلی کی بندش کے اثرات سے متعلق اپنی تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔ اپریل 2026 میں ایک بڑے موبائل آپریٹر کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ مسلسل بجلی جانے سے ٹاورز میں موجود بیک اَپ بیٹریاں مکمل چارج نہیں ہو پاتیں، جس کے باعث نیٹ ورک سروس متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

پی ٹی اے کی موجودہ جانچ کا مقصد زیادہ لوڈشیڈنگ والے علاقوں میں ٹیلی کام ٹاورز کے بیک اَپ نظام کی عملی صورتحال معلوم کرنا اور یہ دیکھنا ہے کہ طویل بجلی بندش کے دوران موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کو مسلسل فعال رکھنے کیلئے مزید کون سے اقدامات ضروری ہیں۔

مزیدخبریں