نوجوان پاکستان کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں: وزیراعظم

05:53 PM, 24 Sep, 2026

نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کے نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز کیلئے تیار کرنے اور انہیں معاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے حکومت جدید شعبوں میں تربیتی پروگرامز پر توجہ دے رہی ہے، جن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت بھی شامل ہیں۔

نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی اور امریکا میں رہائش پذیر پاکستانی نوجوانوں کے وفود سے ہونے والی الگ الگ ملاقاتوں میں وزیراعظم نے نوجوانوں سے متعلق حکومتی اقدامات پر بات کی۔

شہباز شریف نے بتایا کہ قابل اور ذہین نوجوانوں کی معاونت کیلئے لیپ ٹاپس اور اسکالرشپس فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی طرح محدود مالی وسائل رکھنے والے طلبہ کیلئے یکساں تعلیمی مواقع کی فراہمی کے مقصد سے دانش اسکولز کے منصوبے کو بھی جاری رکھا گیا ہے، جس کی بنیاد انہوں نے پنجاب کے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے رکھی تھی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم کرنے کیلئے دانش یونیورسٹی کے قیام پر بھی کام جاری ہے، جسے عالمی معیار کے تعلیمی ادارے کے طور پر تشکیل دیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے امریکا سمیت دیگر ممالک میں موجود کامیاب اور باصلاحیت پاکستانی نوجوانوں کو ملک کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک ان کی کامیابیاں پوری قوم کیلئے باعثِ فخر ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مستقبل میں نوجوان نسل کا کردار انتہائی اہم ہے اور وہ اپنی صلاحیتوں، محنت اور قابلیت کے ذریعے ملک کو آگے لے جانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

ملاقاتوں کے دوران پاکستانی نوجوانوں نے حکومت کی جانب سے نوجوانوں کیلئے شروع کیے گئے مختلف اقدامات کو سراہا اور خاص طور پر آئی ٹی کے شعبے میں مواقع بڑھانے اور کاروبار کرنے کے عمل کو آسان بنانے کیلئے کیے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔

مزیدخبریں