جرمنی نے علاقائی امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا

05:46 PM, 24 Sep, 2026

نیویارک: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں جرمن ہم منصب یوہان واڈے پھول سے اہم ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور جرمنی کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر ایک دوسرے کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کیلئے اعلیٰ سطح پر رابطوں اور باقاعدہ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

گفتگو کے دوران دوطرفہ تجارت میں اضافے، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے، معاشی روابط کو وسعت دینے اور دونوں ممالک کے کاروباری حلقوں کے درمیان براہِ راست تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔

پاکستان اور جرمنی نے دفاع، تعلیم، فنی تربیت، ہنرمند افرادی قوت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جرمن وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کیلئے بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے پاکستان کی مثبت کوششوں کو سراہا۔

فلسطین کی صورتحال بھی ملاقات کا اہم موضوع رہی۔ اسحاق ڈار نے عالمی برادری پر زور دیا کہ جنگ بندی کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں، فلسطینی عوام تک انسانی امداد پہنچائی جائے اور دو ریاستی فارمولے کی بنیاد پر منصفانہ اور دیرپا حل کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں۔

دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے معاملات پر رابطے اور مشاورت کا سلسلہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

مزیدخبریں