کوئٹہ میں فٹبال کے بڑے مقابلوں کا آغاز، 81 ٹیمیں ایکشن میں

02:33 PM, 24 Sep, 2026

کوئٹہ : کوئٹہ میں فٹبال کے شائقین کے لیے بڑے ایونٹ کا آغاز ہوگیا، ایوب سپورٹس کمپلیکس میں چھٹے آل پاکستان وزیر اعلیٰ بلوچستان فٹبال گولڈ کپ کے مقابلے شروع ہوگئے۔

ملک کے مختلف شہروں اور علاقوں سے مجموعی طور پر 81 ٹیمیں ٹورنامنٹ کا حصہ بن رہی ہیں، جس کے باعث بلوچستان میں فٹبال کی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

چیمپئن شپ کا پہلا میچ بلوچ کلب نوشکی اور افغان کلب چمن کے درمیان کھیلا گیا، جس میں بلوچ کلب نوشکی نے ایک صفر سے فتح اپنے نام کی۔

ایونٹ کی افتتاحی تقریب میں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے ماہی گیری حاجی برکت رند نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر سیکرٹری کھیل دُرا بلوچ، ڈی جی کھیل یاسر بازئی اور کھیلوں سے وابستہ دیگر حکام و شخصیات بھی موجود تھیں۔

ٹورنامنٹ میں کامیاب ٹیموں کے لیے مجموعی طور پر پرکشش انعامات مقرر کیے گئے ہیں۔ فاتح ٹیم کو 30 لاکھ روپے، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 15 لاکھ روپے جبکہ تیسری پوزیشن کی ٹیم کو 5 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔

مزیدخبریں