مصنوعی ذہانت پر کسی ایک گروہ کی اجارہ داری قبول نہیں، عالمی تعاون ضروری ہے: اسحاق ڈار

09:55 AM, 24 Sep, 2026

 نیویارک: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر چند افراد یا گروہوں کی اجارہ داری کے بجائے عالمی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے۔

 نیویارک میں ایک بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ مصنوعی ذہانت تیزی سے ترقی کر رہی ہے، اس لیے اس کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے مزید مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

 انہوں نے کہا کہ اے آئی کے استعمال میں انسانی کنٹرول کو یقینی بنایا جائے اور ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال کے لیے مؤثر ریگولیشنز اور عالمی فریم ورک تشکیل دیا جائے۔

 وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ فیک نیوز اور سائبر حملے مصنوعی ذہانت سے جڑے اہم چیلنجز ہیں، جن سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔

 اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ اے آئی کے حفاظتی اقدامات ایسے نہیں ہونے چاہئیں جن سے ٹیکنالوجی کی ترقی کی حوصلہ شکنی کا تاثر پیدا ہو۔ ان کے مطابق حفاظتی انتظامات اور تکنیکی ترقی کے درمیان مناسب توازن ضروری ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت کے نظام میں محدود نمائندگی سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوں گے، اس لیے اے آئی سے متعلق عالمی پالیسی سازی میں وسیع اور متوازن نمائندگی کو یقینی بنانا چاہیے۔

مزیدخبریں