رونالڈو کا انٹرنیشنل فٹبال جاری رکھنے کا اعلان، 1000 گولز کی جانب پیش قدمی

08:32 AM, 24 Sep, 2026

پرتگال : پرتگال کے سپر سٹار کرسٹیانو رونالڈو نے قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ مؤخر کرتے ہوئے انٹرنیشنل فٹبال میں سفر جاری رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ رونالڈو نے واضح کیا ہے کہ ان کی نظریں کیریئر میں 1000 گولز مکمل کرنے کے ساتھ پرتگال کو نیشنز لیگ کا اعزاز دلانے پر ہیں۔

41 سالہ رونالڈو اس تاریخی ہدف کو حاصل کرنے سے مزید 21 گولز کی دوری پر ہیں۔ سٹار فٹبالر کے مطابق ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں سپین سے شکست کے بعد انہوں نے قومی ٹیم سے علیحدگی کے بارے میں سنجیدگی سے سوچا تھا۔

تاہم پرتگالی فٹبال فیڈریشن کے صدر پیڈرو پروینسا اور نئے ہیڈ کوچ جارجے جیزس سے ہونے والی بات چیت کے بعد رونالڈو نے کھیل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔

رونالڈو اب تک پرتگال کی جانب سے 233 میچز کھیل چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی ٹیم کے لیے میدان میں گولز کے ذریعے کردار ادا کرنے کے علاوہ اپنے تجربے سے کھلاڑیوں کی رہنمائی کر سکتے ہیں۔

رونالڈو نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ جب انہیں محسوس ہوگا کہ قومی ٹیم کو ان کی خدمات کی مزید ضرورت نہیں رہی تو وہ خود پرتگال کی نمائندگی چھوڑ دیں گے۔

ادھر نئے پرتگالی کوچ جارجے جیزس نے بھی رونالڈو کی ٹیم میں موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ ویلز کے خلاف ان کے پہلے میچ میں پرتگال کی ابتدائی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

مزیدخبریں