ترجمے کا جھنجھٹ ختم، واٹس ایپ چیٹ میں ہی ترجمہ ممکن

06:38 PM, 24 Sep, 2025

کیلیفورنیا: پیغام رسانی کی مقبول ایپ واٹس ایپ نے صارفین کی سہولت کے لیے ایک نیا ترجمہ کرنے والا فیچر متعارف کروا دیا ہے، جس کی مدد سے صارفین اپنی چیٹس کا ترجمہ براہ راست ایپ کے اندر رہتے ہوئے کر سکیں گے۔ اس سہولت کا مقصد مختلف زبانیں بولنے والے افراد کے درمیان بات چیت کو زیادہ آسان اور مؤثر بنانا ہے۔

یہ فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز پر دنیا کے 180 ممالک میں استعمال کے لیے پیش کر دیا گیا ہے۔ واٹس ایپ کے مطابق، صارفین اب کسی بھی پیغام کو ترجمہ کر کے فوری طور پر مناسب جواب دے سکیں گے، جس سے زبان کی رکاوٹ ختم ہو جائے گی۔

اینڈرائیڈ صارفین انگریزی، ہندی، پرتگالی، روسی اور عربی زبانوں میں ترجمہ کر سکتے ہیں، جب کہ آئی فون استعمال کرنے والوں کے لیے ایپل ٹرانسلیشن کے تحت انیس زبانوں کی سہولت دستیاب ہوگی۔

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے اینڈرائیڈ صارف کو کسی بھی پیغام پر کچھ دیر دبا کر رکھنا ہوگا، پھر اوپر دائیں جانب موجود تین نقطوں والے مینیو میں جا کر "Translate" کا انتخاب کرنا ہوگا۔ اس کے بعد مطلوبہ زبان چن کر پیغام کا ترجمہ دیکھا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ، اینڈرائیڈ میں خودکار ترجمے (Auto Translation) کی سہولت بھی موجود ہے، جس سے مخصوص رابطے کی تمام چیٹس کا ترجمہ خودبخود ہوتا رہے گا۔ تاہم، آئی فون میں یہ خودکار ترجمے کی سہولت موجود نہیں ہے۔

واٹس ایپ نے وضاحت کی ہے کہ یہ نیا فیچر ون آن ون چیٹس، گروپ بات چیت اور چینل اپڈیٹس پر بھی مؤثر طور پر کام کرے گا۔ البتہ، واٹس ایپ ویب اور ونڈوز ورژن میں یہ سہولت فی الحال دستیاب نہیں ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ فیچر بتدریج تمام صارفین تک پہنچایا جا رہا ہے اور جلد ہی سبھی اسے استعمال کر سکیں گے۔
 
 

مزیدخبریں