عظمیٰ بخاری کا پیپلز پارٹی پر کڑی تنقید، پنجاب میں سیلاب اور گندم کی صورتحال پر سیاست کرنے کا الزام

06:35 PM, 24 Sep, 2025

لاہور:وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پیپلز پارٹی کی حالیہ پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں رہ کر مسائل کا حل نکالنے کے بجائے سیاسی الزامات لگا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی سیاست صرف سیلاب اور گندم کے مسئلے پر مبنی ہے، جس میں تضادات بھی نمایاں ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک طرف پیپلز پارٹی گندم کے نقصان کا ذکر کرتی ہے اور دوسری طرف گندم کو باہر بھیجنے کی حمایت کرتی ہے، جو کہ غیر منطقی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ بار بار سندھ میں سیلاب آتے ہیں، تو کیا پیپلز پارٹی سندھ کو ڈبوتے ہوئے سیاست کر رہی ہے؟

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی سیلاب کے متاثرین کی مدد کے بجائے سیاسی فائدہ اٹھا رہی ہے اور آئی ایم ایف کو بہانہ بنا کر پنجاب حکومت پر ناجائز تنقید کی جا رہی ہے۔ سندھ میں گندم کی خریداری کے حوالے سے بھی وہ سوالات اٹھانا چاہتی ہے۔

وزیر اطلاعات نے بلاول بھٹو کی مریم نواز کی تعریف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام بھی چاہتے ہیں کہ ان کے پاس مریم نواز جیسی وزیراعلیٰ ہو۔ انہوں نے بی آئی ایس پی پروگرام کو سیاسی رنگ دینے کی کوششوں کو بھی مسترد کیا اور کہا کہ اس کا اپنا قانونی فریم ورک ہے، اسے بار بار سیلاب کے تناظر میں استعمال کرنا درست نہیں۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ اگر پیپلز پارٹی واقعی حالات کو سمجھتی تو آج پنجاب کی یہ صورتحال نہ ہوتی اور وہ گھر بیٹھ کر سیاسی بیانات دینے کے بجائے عملی اقدامات کرتی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت حالات کے مطابق فیصلہ کرتی ہے اور سیاسی مفادات کے لیے صورتحال کو خراب کرنا مناسب نہیں۔

یہ بیان پیپلز پارٹی کی جانب سے گندم بحران اور سیلابی صورتحال پر کی گئی تنقید کے جواب میں سامنے آیا ہے۔

مزیدخبریں