نادرا نے فیس جمع کروانے کا طریقہ آسان بنا دیا، شہریوں کے لیے سہولیات میں اضافہ

04:56 PM, 24 Sep, 2025

اسلام آباد : نادرا نے شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے فیس جمع کروانے کے عمل کو آسان اور تیز تر بنانے کا اعلان کیا ہے، جس کے نتیجے میں اب شہری بینکوں میں لمبی قطاروں میں کھڑے ہوئے بغیر فیس ادا کر سکیں گے۔

نادرا کے ترجمان نے بتایا کہ اب شناختی کارڈ، پاسپورٹ، اور دیگر خدمات کی فیس موبائل ایپلیکیشنز، آن لائن بینکنگ اور مختلف الیکٹرانک ذرائع سے ادا کی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ نادرا کے دفاتر میں نقد ادائیگی کی سہولت بھی موجود ہے تاکہ ہر قسم کے شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

یہ نیا نظام فیس کی ادائیگی کو نہ صرف شفاف اور محفوظ بناتا ہے بلکہ وقت کی بچت بھی کرتا ہے۔ ترجمان نے عوام کو اس سہولت کے استعمال کی ترغیب دی ہے تاکہ وہ آسانی سے اپنی ادائیگیاں مکمل کر سکیں۔

پہلے شہریوں کو فیس جمع کروانے کے لیے چالان بنوانا پڑتا تھا، پھر بینک میں فیس جمع کروانی پڑتی تھی اور بعد ازاں نادرا کے دفاتر میں درخواست جمع کروانا ہوتا تھا، جو ایک پیچیدہ اور وقت طلب عمل تھا۔

نادرا کی یہ کوشش ’ڈیجیٹل پاکستان‘ کے تحت سرکاری خدمات کو جدید بنانے کے منصوبے کا حصہ ہے، جو حکومت کی ڈیجیٹلائزیشن کی پالیسی کو مضبوط کرتی ہے۔

مزیدخبریں