لاہور: لاہور کی ڈرگ کورٹ کے چیئرمین نے غیر قانونی اشتہارات اور بغیر لائسنس ادویات فروخت کرنے کے الزام میں ٹک ٹاکر حکیم شہزاد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے حکیم شہزاد کے بیٹے کی جانب سے جعلی مچلکے جمع کروانے پر بھی نوٹس لیتے ہوئے قانونی کارروائی کا حکم جاری کیا ہے۔
حکیم شہزاد آج ہونے والی سماعت میں پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے ان کی گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 2 اکتوبر کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ حکیم شہزاد پر اشتہارات میں دھوکہ دہی اور بغیر لائسنس کے ادویات کی فروخت کے الزامات ہیں، جن کے خلاف پہلے بھی مقدمات درج ہو چکے ہیں۔ عدالت نے اس معاملے میں سختی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔