میٹا نے فیس بک ڈیٹنگ میں متعارف کروایا جدید AI اسسٹنٹ اور ’میٹ کیوٹ‘ فیچر

03:19 PM, 24 Sep, 2025

کیلیفورنیا : میٹا نے اپنی فیس بک ڈیٹنگ سروس میں ایک نیا AI اسسٹنٹ شامل کیا ہے جو صارفین کو ان کی پسند اور دلچسپی کے مطابق بہترین ساتھی تلاش کرنے میں مدد دے گا۔ اس اسسٹنٹ کی مدد سے صارفین اپنی پروفائل بہتر بنا سکیں گے اور آسانی سے وہ لوگ ڈھونڈ سکیں گے جو ان کی دلچسپیوں سے میل کھاتے ہوں۔

مثال کے طور پر، اگر کوئی صارف چاہے کہ اسے ٹیکنالوجی میں دلچسپی رکھنے والی لڑکی تلاش کر کے دکھائیں تو AI اس میں بھی مدد کرے گا۔ اس کے علاوہ فیس بک ڈیٹنگ نے ’میٹ کیوٹ‘ نامی ایک نیا فیچر بھی متعارف کرایا ہے، جو ہر ہفتے صارفین کو AI کی مدد سے ایک سرپرائز میچ فراہم کرے گا تاکہ ڈیٹنگ ایپس کے استعمال سے ہونے والی تھکن کم ہو۔

حالیہ رپورٹس کے مطابق، فیس بک ڈیٹنگ پر 18 سے 29 سال کی عمر کے نوجوانوں میں ساتھی تلاش کرنے کا رجحان گزشتہ سال کے مقابلے میں 10 فیصد بڑھا ہے اور ہر مہینے ہزاروں نوجوان اس پلیٹ فارم پر اپنی پروفائل بناتے ہیں۔

اگرچہ فیس بک ڈیٹنگ کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے، مگر یہ ابھی بھی ٹنڈر اور ہنج جیسے بڑے پلیٹ فارمز سے پیچھے ہے، جہاں روزانہ لاکھوں فعال صارفین موجود ہیں۔

میٹا کے یہ نئے فیچرز صارفین کے لیے ڈیٹنگ کے عمل کو آسان، موثر اور دلچسپ بنانے کی کوشش ہیں تاکہ وہ بہتر انداز میں اپنی پسند کا ساتھی تلاش کر سکیں۔

مزیدخبریں