شاہ رخ خان کو 33 سال بعد پہلی بار نیشنل فلم ایوارڈ ملا

01:39 PM, 24 Sep, 2025

نئی دہلی: بالی وڈ کے مشہور اداکار شاہ رخ خان کو ان کے 33 سالہ فلمی کیریئر میں پہلی بار بھارت کے نیشنل فلم ایوارڈ میں بہترین اداکار کا اعزاز ملا ہے۔ یہ ایوارڈ انہیں 2023 میں ریلیز ہونے والی فلم "جوان" میں شاندار اداکاری پر دیا گیا۔

بھارتی صدر دروپدی مرمو نے نئی دہلی میں منعقدہ ایوارڈ تقریب میں شاہ رخ خان سمیت دیگر فاتحین کو ایوارڈز دیے۔ وکرانت میسی کو بھی بہترین اداکار کا ایوارڈ فلم "12th فیل" کے لیے ملا جبکہ رانی مکھرجی کو فلم "Mrs Chatterjee vs Norway" میں بہترین اداکارہ کا اعزاز دیا گیا۔

شاہ رخ خان نے 1992 میں فلم "دیوانا" سے فلمی دنیا میں قدم رکھا تھا اور "دل والے دلہنیا لے جائیں گے"، "چک دے! انڈیا"، "کچھ کچھ ہوتا ہے" جیسی فلموں میں اپنی اداکاری سے سب کو متاثر کیا۔ انہوں نے کئی ملکی اور بین الاقوامی ایوارڈز حاصل کیے، مگر نیشنل فلم ایوارڈ کا یہ ان کا پہلا موقع ہے۔

فلم "جوان" میں شاہ رخ خان نے دو کردار ادا کیے اور سات مختلف روپ میں نظر آئے، جس کی وجہ سے انہیں یہ ایوارڈ ملا۔ نیشنل فلم ایوارڈز کے فاتحین کا اعلان یکم اگست کو کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں