نیویارک : نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف کی عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات ہوئی۔
وزیراعظم نے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان دیرینہ تعاون کو سراہا اور کہا کہ کرسٹالینا جارجیوا کی قیادت میں یہ تعلقات اور مضبوط ہوئے ہیں۔
انہوں نے مالی سال 2024 کے لیے فراہم کی گئی 3 ارب ڈالر کی امداد، 7 ارب ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت اور 1.4 ارب ڈالر کے ریزیلیئنس اینڈ سسٹین ایبلٹی فنڈ کی بروقت فراہمی پر آئی ایم ایف کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی جاری اصلاحات کی بدولت معیشت بہتر ہو رہی ہے اور اب بحالی کی طرف گامزن ہے، تاہم حالیہ سیلاب کے اثرات کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔
آئی ایم ایف کی سربراہ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے ہمدردی کا اظہار کیا اور وزیراعظم کی اصلاحاتی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے تعاون جاری رکھنے کا وعدہ کیا۔