نیویارک : نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ورلڈ بینک گروپ کے صدر اجے بنگا سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان کے اصلاحاتی پروگرامز اور ترقیاتی تعاون پر بات چیت کی۔
وزیراعظم نے ورلڈ بینک کی قیادت اور پاکستان کو کورونا وائرس کی وبا اور 2022 کے سیلاب کے دوران دی گئی مدد کو سراہا۔ انہوں نے اپنی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے سے بھی آگاہ کیا، جس میں وسائل کا بہتر استعمال، توانائی کے شعبے میں بہتری، نجکاری اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے اقدامات شامل ہیں۔
شہباز شریف نے ورلڈ بینک کے نئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کی بھی تعریف کی، جس کے تحت پاکستان کے لیے 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ انہوں نے اس کے بہتر نفاذ کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون کا وعدہ کیا۔
ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا نے پاکستان کی اصلاحاتی کوششوں کو مثبت قرار دیا اور مستقبل میں ترقی، اقتصادی اصلاحات اور ماحولیاتی تحفظ میں تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔