کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے پارٹی کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور وہ ملک میں مزید مسائل پیدا کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔
شازیہ مری نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پولیو وائرس بچوں کے لیے سنگین خطرہ ہے اور سندھ بھر میں اس سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاہم بدقسمتی سے ملک میں آج بھی پولیو کے کیسز رپورٹ ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسان مضبوط ہوگا تو پاکستان مضبوط ہوگا، کیونکہ زراعت ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے ہمیشہ زراعت کو مضبوط بنانے پر زور دیا ہے، اور کسانوں کی توجہ نہ دینے سے نقصان پورے ملک کو ہوگا، نہ کہ صرف کسی حکومت کو۔
شازیہ مری نے مزید کہا کہ پی ایس ڈی پی بنانے کے عمل میں شفافیت ضروری ہے اور بند کمروں میں فیصلے ناانصافی ہیں۔ وفاقی حکومت نے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور پیپلزپارٹی ملک کے مفاد میں مزید مسائل پیدا نہیں کرنا چاہتی۔