کراچی: پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنی شادی کی یادگار تقریبات اور لباس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی دعائے خیر کے لباس کو مستقبل میں اپنی بہو کو دیں گی۔
اداکارہ کے مطابق، ان کی شادی کی تقریبات دعائے خیر سے شروع ہوئیں، جس کا اہتمام گھر پر کیا گیا تھا اور دعا زہرہ نگاہ نے کروائی۔ ماہرہ نے بتایا کہ اس تقریب میں پہنا جانے والا لباس ڈیزائنر عمر سعید نے حیدرآبادی اسٹائل میں ڈیزائن کیا تھا۔ انہوں نے لباس کے ساتھ ہلکا میک اپ، جیولری اور پھولوں کے گہنے پہنے اور بالوں کی چوٹی بنائی۔
ماہرہ خان نے کہا کہ یہ جوڑا ان کے لیے بہت خاص اور یادگار ہے اور اس میں ان کی محبت شامل ہے، اسی لیے وہ اسے اپنی بہو کو دیں گی اور سمجھائیں گی کہ اس کا خیال رکھنا کیوں ضروری ہے۔
اداکارہ نے اکتوبر 2023 میں کاروباری شخصیت سلیم کریم سے دوسری شادی کی تھی، جبکہ ان کا ایک بیٹا اذلان پہلی شادی سے ہے۔