ہنگو میں دہشت گردوں کا حملہ، ایس پی آپریشنز اسد زبیر سمیت تین پولیس اہلکار شہید

02:50 PM, 24 Oct, 2025

ہنگو: خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں دہشت گردوں نے پولیس کو نشانہ بنا کر ایک اور افسوسناک واقعہ کیا، جس میں ایس پی آپریشنز اسد زبیر سمیت تین اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے۔

پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں نے پہلے غلمینا کے علاقے میں ایک پولیس چیک پوسٹ پر بارودی مواد سے حملہ کیا، تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بعد ازاں ایس پی آپریشنز اسد زبیر جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کے لیے ٹیم کے ہمراہ روانہ ہوئے تو درابن کے مقام پر ان کی گاڑی کو بارودی مواد سے اڑا دیا گیا۔

ڈی ایس پی خانزیب مہمند کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں ایس پی اسد زبیر اور دو پولیس اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ دو اہلکار زخمی ہوئے۔ شہداء اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ہنگو منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں جبکہ اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔

مزیدخبریں