کیلیفورنیا ؛ یوٹیوب نے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے صارفین اپنی شارٹس ویڈیوز دیکھنے کے لیے روزانہ مخصوص وقت سیٹ کر سکیں گے۔ اس فیچر کا مقصد ان لوگوں کے لیے ہے جو ویڈیوز دیکھتے ہوئے بے خودی میں زیادہ وقت گزرنے کا احساس نہیں کرتے۔
"ٹائمر" کے نام سے متعارف کرائے گئے اس فیچر میں، صارفین ایک دن میں کتنی دیر تک شارٹس ویڈیوز دیکھنا چاہتے ہیں، یہ طے کر سکتے ہیں۔ جب وہ طے شدہ وقت تک پہنچیں گے، تو ایک نوٹیفکیشن ظاہر ہو گا جو انہیں بتائے گا کہ اب ویڈیوز دیکھنا بند کر دیں۔ اگر صارف چاہے تو وہ اس نوٹیفکیشن کو بند کر کے اسکرولنگ جاری رکھ سکتے ہیں، لیکن انہیں یہ پتا چل جائے گا کہ وہ کتنی دیر سے ایپ استعمال کر رہے ہیں۔
یہ فیچر ابھی پیرنٹل کنٹرولز کا حصہ نہیں ہے، لیکن اگلے سال تک اسے اس میں شامل کیا جائے گا۔ اس کے بعد والدین اپنے بچوں کے لیے مخصوص وقت کی حد مقرر کر سکیں گے، اور بچے اس نوٹیفکیشن کو بند نہیں کر پائیں گے۔
یہ فیچر یوٹیوب ایپ کی سیٹنگز میں دستیاب ہوگا، اور ممکنہ طور پر اسے "ریمائنڈ می ٹو ٹیک اے بریک" اور "ریمائنڈ می وین اٹس بیڈ ٹائم" جیسی موجودہ سیٹنگز کے ساتھ یکجا کیا جائے گا۔یوٹیوب نے اس فیچر کو متعارف کرانا شروع کر دیا ہے، اور یہ آئندہ چند ہفتوں میں تمام صارفین کے لیے دستیاب ہو جائے گا۔