لاہور: میٹا نے اعلان کیا ہے کہ 15 جنوری 2026 سے واٹس ایپ پر کسی بھی غیر میٹا اے آئی چیٹ بوٹ کا استعمال نہیں ہوگا، جن میں چیٹ جی پی ٹی جیسے بڑے ماڈلز بھی شامل ہیں۔ میٹا نے واٹس ایپ کی بزنس اے پی آئی پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے جنریٹیو اے آئی اور لارج لینگوئج ماڈلز کے ڈویلپرز کو سسٹم تک رسائی دینے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
اب، واٹس ایپ پر صرف میٹا کے اپنے اے آئی اسسٹنٹس کی ہی اجازت ہوگی، جس کا مطلب ہے کہ دوسرے اے آئی چیٹ بوٹس جیسے چیٹ جی پی ٹی کو اس پلیٹ فارم سے نکلنا ہوگا۔ میٹا کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد پلیٹ فارم پر سسٹم کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے، کیونکہ تھرڈ پارٹی چیٹ بوٹس کی موجودگی سے بہت زیادہ پیغامات آ رہے ہیں جو سسٹم پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔
یہ فیصلہ میٹا کے لیے اس بات کو یقینی بنانے کا حصہ ہے کہ صارفین اس کے اپنے اے آئی اسسٹنٹس کا استعمال کریں، اور واٹس ایپ کی مقبولیت کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کریں۔ واٹس ایپ پر 3 ارب سے زائد صارفین ہیں، اور اس اقدام سے دیگر کاروباری ادارے جیسے بینک اور ایئر لائنز جنہیں اے آئی چیٹ بوٹس کے ذریعے کسٹمر سپورٹ فراہم کرنا ہوتا ہے، متاثر ہو سکتے ہیں۔ تاہم، ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ ان اداروں پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔