لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور کامیاب ہونے والے ارکان اسمبلی کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ایک بار پھر ان لوگوں کو کامیاب کیا ہے جو پاکستان کی خدمت کر رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا، "الحمدللہ، پاکستان کے عوام نے ہمیں دوبارہ سرخرو کیا۔ اب نفرت، فساد اور فتنہ کا باب ختم ہو چکا ہے اور خدمت و ترقی کا نیا دور شروع ہو چکا ہے۔ وقت بدل چکا ہے، عوام کی ترجیحات بدل چکی ہیں، اور اب پاکستان آگے بڑھ رہا ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی جیت عوام کی طرف سے ترقی کے سفر کو تیز کرنے کا پیغام ہے۔ ان کا کہنا تھا، "عوام کا فیصلہ صاف ہے، جو کام کرے گا وہی کامیاب ہو گا۔ بیلٹ باکس سے بھی یہ پیغام آیا ہے کہ پاکستان کو فتنہ و فساد نہیں بلکہ ایک شاندار مستقبل چاہیے۔"