اسرائیل کا بیروت پر حملہ: حزب اللہ کے کمانڈر ہیثم طبطبائی سمیت 6 افراد کی شہادت

11:06 AM, 24 Nov, 2025

بیروت : اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافات میں ایک فضائی حملہ کیا ہے، جس میں حزب اللہ کے چیف آف سٹاف ہیثم علی طبطبائی سمیت 6 افراد مارے گئے ہیں۔ اسرائیلی وزیرِاعظم بن یامین نتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملہ حزب اللہ کے عسکری رہنما پر کیا گیا، جو تنظیم کی بحالی اور ہتھیار جمع کرنے کی سرگرمیوں کی قیادت کر رہے تھے۔

عرب میڈیا کے مطابق، حزب اللہ نے اس حملے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ ہیثم طبطبائی اپنے پانچ ساتھیوں کے ہمراہ شہید ہوئے ہیں۔ حزب اللہ کے رہنما محمد محمد قمتی نے اسرائیل کے اس اقدام کو "حد عبور کرنے" کے مترادف قرار دیا اور کہا کہ جوابی کارروائی کے لیے غور و فکر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس حملے کو ایک نئی "سرخ لکیر" عبور کرنے کے طور پر بیان کیا۔

لبنان کی وزارتِ صحت نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی حملوں میں 28 شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔ بیروت کے جنوبی مضافات کی ایک اہم سڑک پر حملہ کیا گیا، جہاں مقامی لوگوں نے بتایا کہ دھماکے سے پہلے انہوں نے اسرائیلی طیاروں کی آواز سنی تھی۔

اسرائیلی وزیرِاعظم نتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھے گا اور مختلف محاذوں پر کارروائیاں کرتا رہے گا۔ نومبر کے مہینے سے اسرائیل نے جنوب لبنان میں فضائی حملوں کو تیز کر دیا ہے، جو روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں۔ ان حملوں کا مقصد سرحدی علاقوں میں حزب اللہ کی عسکری سرگرمیوں کو روکنا ہے۔

حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس نے اسرائیل کی سرحد کے قریب اپنی عسکری موجودگی ختم کر دی ہے اور لبنان کی فوج کی تعیناتی کے تقاضوں کو پورا کیا ہے، لیکن پھر بھی اسرائیل کی طرف سے حملے جاری ہیں۔

ایک امریکی اہلکار نے بتایا کہ اسرائیل نے اس حملے سے پہلے امریکہ کو اطلاع نہیں دی تھی، لیکن حملے کے بعد امریکی انتظامیہ کو آگاہ کر دیا گیا۔ ایک اور سینئر اہلکار کے مطابق، امریکہ کو یہ اطلاع تھی کہ اسرائیل لبنان میں اپنے حملوں کو بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

لبنان کے صدر جوزف عون نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی حملوں کو روکنے کے لیے فوری اور سخت اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ لبنان عالمی برادری سے اپنے فرائض کا احساس کرنے اور لبنان اور اس کے عوام پر ہونے والے حملوں کو روکنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے کی اپیل کرتا ہے۔

مزیدخبریں