کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار اور میزبان فہد مصطفیٰ اپنی آنے والی عید فلم کی پروموشن کے دوران اختیار کیے گئے اپنے نئے اور منفرد فیشن اسٹائل کی وجہ سے انٹرنیٹ پر شدید تنقید کا مرکز بن گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فہد مصطفیٰ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے لباس کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ بھورے اور سرمئی رنگ کے اوور سائزڈ کوٹ، چوڑے پلِیٹڈ ٹراؤزرز اور لمبے بالوں کے ساتھ ایک بالکل مختلف روپ میں نظر آئے۔ اداکار کا یہ نیا انداز سامنے آتے ہی جہاں کچھ مداحوں نے ان کے منفرد فیشن سینس اور نئے تجربات کرنے کے اعتماد کو سراہا، وہاں صارفین کی ایک بڑی تعداد نے اسے 'چھپری اسٹائل' قرار دیتے ہوئے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔
سوشل میڈیا پر صارفین نے اداکار کے اس روپ پر مختلف طنزیہ تبصرے کیے، جہاں کسی نے انہیں 'جوکر' کہا تو کسی نے ان کے اس فیشن کو بھارتی گلوکار ہیمیش ریشمیا سے تشبیہ دے ڈالی۔ تنقید کا یہ سلسلہ یہیں نہیں رکا، بلکہ کچھ صارفین نے تو یہاں تک لکھ دیا کہ اداکار اپنی ڈریسنگ سے پبلک کو حیران کرنے کے بجائے شرمندہ کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ انسٹاگرام پر 43 لاکھ سے زائد فالوورز رکھنے والے فہد مصطفیٰ ان دنوں اپنی نئی ہارر فلم ’زومبیڈ‘ (Zombied) کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں، جو عید الاضحیٰ پر سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی، اور اسی سلسلے میں وہ روزانہ نئے اور اچھوتے انداز اپنا رہے ہیں۔