عسکری و سیاسی قیادت کی بصیرت سے پاکستان کا وقار بلند،آج دنیا ہمیں ایک مضبوط ثالث کے طور پر تسلیم کر رہی ہے: حافظ طاہر اشرفی

05:29 PM, 24 Mar, 2026

لاہور: چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی بہترین اور جرات مندانہ خارجہ پالیسی کی بدولت آج عالمی سیاست کا محور بن چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے ختمِ نبوت سنٹر میں "استحکامِ پاکستان سیمینار" سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ طاہر اشرفی نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف کی مشترکہ کوششوں نے پاکستان کو ایک بار پھر دنیا کے سامنے سرخرو کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو عناصر ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے تھے، وہ آج دیکھ لیں کہ پاکستان سفارتی محاذ پر کہاں کھڑا ہے۔ آج دنیا ہمیں ایک مضبوط ثالث کے طور پر تسلیم کر رہی ہے، جو ہماری بڑی کامیابی ہے۔  پاکستان اور سعودی عرب ایک پیج پر ہیں، جس سے خطے میں استحکام آیا ہے۔
     ایران اور عرب ممالک کے شکر گزار ہیں جنہوں نے پاکستان کی ثالثی پر اعتماد کا اظہار کیا۔ نیتن یاہو کا "گریٹر اسرائیل" کا خواب پاکستان کی ٹھوس حکمتِ عملی کی وجہ سے چکنا چور ہو چکا ہے۔خطے میں پائیدار امن کے لیے افغانستان اور پاکستان کے درمیان مستقل جنگ بندی ناگزیر ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ رہنما رائے ظفر علی خان، علامہ عبدالغفار روپڑی اور مولانا رمضان سیالوی نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے سعودی عرب، قطر اور دبئی پر حملے کی سازش کو ایران نے بے نقاب کیا۔ انہوں نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے تدبر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ نے امتِ مسلمہ کو متحد ہونے کا ایک تاریخی موقع فراہم کیا ہے۔
سیمینار میں علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری، حافظ اسعد عبید، زاہد محمود قاسمی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے استحکام اور وحدت کے بیانیے کو ہر صورت آگے بڑھایا جائے گا۔ تقریب کے اختتام پر امتِ مسلمہ کی سلامتی اور ملک کی ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

مزیدخبریں