مشرقِ وسطیٰ میں امن کی کوششیں: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا مصری ہم منصب سے اہم رابطہ

01:37 PM, 24 Mar, 2026

اسلام آباد : پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال اور علاقائی امن و امان کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکنے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ صورتحال میں تحمل اور بردباری کا مظاہرہ نہ کیا گیا تو اس کے اثرات پورے خطے پر مرتب ہوں گے۔
نائب وزیراعظم نے اپنے مصری ہم منصب سے گفتگو میں کہاپائیدار امن کے حصول کے لیے صرف اور صرف مذاکرات اور سفارتی کوششیں ہی واحد راستہ ہیں۔ جنگ یا طاقت کا استعمال مسائل کو مزید پیچیدہ بنا دیتا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ پاکستان اور مصر، مشرقِ وسطیٰ میں استحکام لانے کے لیے اپنا اپنا کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اس رابطے کو سفارتی حلقوں میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ مصر اس وقت غزہ اور دیگر علاقائی تنازعات میں ایک مرکزی ثالث کی حیثیت رکھتا ہے۔

مزیدخبریں