کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبے کے تمام تعلیمی اداروں میں قومی ترانہ پڑھنے اور قومی پرچم لہرانے کے حوالے سے سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ اقدام تعلیمی اداروں میں قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال اور حکومت کی سروس ڈلیوری پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے فیصلہ کیا کہ ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور انہیں فورتھ شیڈول میں شامل کیا جائے گا۔
انہوں نے تمام کمشنرز اور ضلعی افسران کو ہدایت دی کہ وہ تعلیمی اداروں میں قومی ترانہ اور پرچم کی پابندی کو یقینی بنائیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگر کسی تعلیمی ادارے کے سربراہ احکامات کی پیروی نہیں کرتے تو انہیں اپنے عہدے سے مستعفی ہو جانا چاہیے۔