اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل میں ملاقاتوں کو دوبارہ بحال کر دیا ہے۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ عمران خان سے اب ہفتے میں دو دن، یعنی منگل اور جمعرات کو ملاقات کی جا سکے گی۔ یہ فیصلہ قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے عمران خان کی جیل ملاقاتوں سے متعلق درخواستوں پر سماعت کے دوران دیا۔
سماعت کے دوران جیل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ نے عدالت کو بتایا کہ دسمبر تک عمران خان کی ملاقاتیں سابقہ طریقہ کار کے مطابق ہو رہی تھیں، لیکن جنوری کے بعد ان کا سٹیٹس انڈر ٹرائل قیدی سے سزا یافتہ قیدی میں تبدیل ہوگیا، جس کے باعث ملاقاتوں کے طریقہ کار میں تبدیلی آئی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سکیورٹی خطرات کی وجہ سے ملاقاتوں کی تعدا د پر بھی اثر پڑا۔
عدالت نے جیل ملاقاتوں کے بارے میں ایک اہم بات کی، کہ ملاقات کے بعد میڈیا پر بات کرنے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے، اور اس حوالے سے عمران خان سے ایک تحریری وعدہ لیا جائے گا کہ ملاقات کے بعد میڈیا میں کوئی بات نہیں کی جائے گی۔
اس کے علاوہ، عدالت نے یہ بھی کہا کہ عمران خان سے ملاقات کرنے والے افراد کے نام ان کے کوآرڈینیٹر سلمان اکرم راجہ کی جانب سے دیے جائیں گے، اور صرف وہی لوگ ملاقات کر سکیں گے۔