ڈیرہ غازی خان :پولیس چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کا بڑا حملہ ناکام

10:50 AM, 24 Mar, 2025

ڈیرہ غازی خان :  پنجاب پولیس نے ڈیرہ غازی خان کے سرحدی علاقے میں واقع تھانہ وہوا کی جھنگی پولیس چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کا حملہ کامیابی سے پسپا کر دیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق، رات کے وقت 20 سے 25 دہشت گردوں نے راکٹ لانچرز اور خودکار ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے پولیس چوکی پر حملہ کیا۔

پولیس کے اہلکاروں نے فوراً جوابی کارروائی کی اور دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں حملہ ناکام ہو گیا اور دہشت گرد فرار ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق، جوابی فائرنگ میں دہشت گردوں کو جانی نقصان پہنچا ہے۔

آر پی او ڈیرہ غازی خان سجاد منج اور ڈی پی او سید علی نے آپریشن کی قیادت کی، اور مفرور دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

پنجاب کے آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جھنگی چیک پوسٹ کو مزید محفوظ بنانے کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے اضافی نفری، جدید اسلحہ اور آلات فراہم کیے گئے ہیں۔ آئی جی نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کے اہلکار ملک دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح ہیں۔

مزیدخبریں