تہران :ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے اسلام آباد کی کوششیں قابلِ قدر ہیں۔
ایرانی صدر نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ پاکستان کی جانب سے امن کے لیے کی جانے والی مسلسل کوششیں اس کی بھرپور ثقافت اور اقدار کی عکاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک اہم ڈیل کے معاملے میں پاکستان کی ثالثی پر اظہارِ تشکر کے لیے اسلام آباد آئے تھے۔
مسعود پزشکیان نے بتایا کہ دورے کے دوران پاکستانی قیادت کے ساتھ اہم ملاقاتیں ہوئیں، جن میں شہباز شریف، عاصم منیر اور آصف علی زرداری سے مشاورت شامل تھی۔
انہوں نے کہا کہ ملاقاتوں میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون میں اضافے اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایرانی صدر نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔