ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نئی تبدیلیاں سامنے آگئیں

06:27 PM, 24 Jun, 2026

ابوظہبی : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ نئی عالمی رینکنگ میں مختلف فارمیٹس میں کھلاڑیوں کی درجہ بندی میں تبدیلیاں سامنے آئی ہیں، جبکہ کئی پاکستانی کھلاڑی اپنی سابقہ پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ کے بلے بازوں کی فہرست میں قومی ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ایک، ایک درجہ کھو بیٹھے ہیں۔ تازہ رینکنگ کے مطابق محمد رضوان 19ویں جبکہ بابر اعظم 20ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ انگلینڈ کے تجربہ کار بلے باز جو روٹ ایک بار پھر ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں سرفہرست آ گئے ہیں۔

ٹیسٹ بولرز کی درجہ بندی میں پاکستان کے بائیں ہاتھ کے اسپنر نعمان علی ایک پوزیشن تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز میٹ ہنری نے عالمی نمبر ون ٹیسٹ بولر کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ وہ 36 سال کے عرصے میں یہ مقام پانے والے نیوزی لینڈ کے صرف تیسرے کھلاڑی بنے ہیں۔

ون ڈے انٹرنیشنل بیٹنگ رینکنگ میں بابر اعظم اپنی چھٹی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے، جبکہ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل بدستور دنیا کے بہترین ون ڈے بلے باز قرار پائے ہیں۔

ون ڈے بولرز کی فہرست میں پاکستانی اسپنر ابرار احمد دوسرے اور قومی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی آٹھویں نمبر پر برقرار ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ رینکنگ میں صاحبزادہ فرحان نے تیسری پوزیشن اپنے نام برقرار رکھی ہے۔ ادھر ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں ابرار احمد بدستور تیسرے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ محمد نواز ایک درجہ تنزلی کے بعد 12ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔

مزیدخبریں