کراچی کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی حیثیت دی جائے، فاروق ستار کا مطالبہ

02:25 PM, 24 Jun, 2026

اسلام آباد: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنمافاروق ستار نے قومی اسمبلی میں کراچی کے مسائل اجاگر کرتے ہوئے شہر کو وفاقی ٹیریٹری قرار دینے کا مطالبہ کردیا۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ کراچی اس وقت متعدد مسائل کا سامنا کر رہا ہے، اس لیے شہر کے لیے غیر معمولی اقدامات اور خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین کی بالادستی کو یقینی بنانا ہوگا اور تمام آئینی شقوں کو یکساں اہمیت دی جانی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایک نئے عمرانی معاہدے کی طرف بڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ قومی معاملات کو بہتر انداز میں حل کیا جا سکے۔

ایم کیو ایم رہنما نے آزاد کشمیر کے معاملے پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ قومی مصالحت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی کوشش کی جانی چاہیے۔ اگر ایسا نہ کیا گیا تو کراچی میں بھی ایک ایکشن کمیٹی تشکیل دینے کی بات سامنے آ سکتی ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ ملک کے تمام حصوں کے مسائل کو آئینی اور جمہوری طریقے سے حل کرنا وقت کی ضرورت ہے، تاکہ قومی اتحاد کو مضبوط کیا جا سکے۔

مزیدخبریں