اسلام آباد: چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کی صورتحال پر حکومت کو سیاسی حکمت عملی اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بعض وزراء کے بیانات سے وزیراعظم کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے نام لیے بغیر وفاقی وزیر خواجہ آصف کے بیان پر تنقید کی اور کہا کہ راولا کوٹ کے کشمیریوں سے متعلق دیا گیا بیان انتہائی نامناسب تھا۔ ان کے مطابق ایسے بیانات سے حساس معاملات مزید پیچیدہ ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک وفاقی وزیر کا یہ کہنا کہ 12 نشستیں جیب میں لاتے ہیں، درست طرزِ عمل نہیں۔ سیاسی معاملات کو اعتماد، احترام اور بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔
بلاول بھٹو نے حکومت پر زور دیا کہ آزاد کشمیر میں احتجاج کرنے والوں کے ساتھ سیاسی انداز اپنایا جائے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل نکالا جائے۔
انہوں نے تجویز دی کہ آزاد کشمیر کی صورتحال بہتر بنانے کے لیےفضل الرحمان کو بھی کردار ادا کرنے کی ذمہ داری دی جا سکتی ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ملک کو اس وقت تقسیم اور انتشار نہیں بلکہ اتحاد اور اتفاق کی ضرورت ہے، تاکہ درپیش چیلنجز کا بہتر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔