نیویارک : امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کی اطلاعات کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر کمی دیکھی گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں 2 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔
عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل 77 ڈالر فی بیرل کی سطح پر فروخت ہو رہا ہے، جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 73 ڈالر فی بیرل اور یو اے ای مربن 69 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی کے امکانات نے عالمی توانائی مارکیٹ میں بے یقینی کو کم کیا ہے، جس کے باعث تیل کی قیمتوں پر دباؤ آیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر خطے میں امن و استحکام کی صورتحال برقرار رہتی ہے تو عالمی منڈی میں تیل کی رسد بہتر ہونے کی توقع ہے، تاہم قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا انحصار عالمی طلب، رسد اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر ہوگا۔