راولپنڈی :جنوبی وزیرستان کے سرا روغہ میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات پر بروقت اور فیصلہ کن آپریشن کر کے 'فتنہ الخوارج' کے 11 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا جبکہ 7 دہشتگرد زخمی ہو گئے۔ یہ تنظیم بھارت کی پراکسی کے طور پر پاکستان میں عدم استحکام پھیلانے کی کوششوں میں مصروف تھی۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق، آپریشن کے دوران میجر سید معیذ عباس شاہ (چکوال) اور لانس نائیک جبران اللہ (بنوں) نے جام شہادت نوش کیا۔
میجر معیذ 14 سال سے پاک فوج میں خدمات سر انجام دے رہے تھے جبکہ لانس نائیک جبران اللہ 8 سال سے قومی دفاع میں مصروف عمل تھے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ترجمان نے شہداء کی قربانیوں کو "عزم و حوصلے کا استعارہ" قرار دیا۔